Get Alerts

پاکستان اور کرغزستان میں مختلف شعبوں میں تعاون کے متعدد معاہدے، مشترکہ اعلامیے پر دستخط

 پاکستان اور کرغزستان میں مختلف شعبوں میں تعاون کے متعدد معاہدے، مشترکہ اعلامیے پر دستخط

بشکیک: پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صدار ژاپاروف نے معاہدوں کی تقریب میں شرکت کی، جبکہ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کیے۔ 
تقریب کے دوران پاکستان کے انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد اور کرغزستان کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار سٹریٹجک انیشی ایٹوز کے درمیان تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا۔ دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ کے درمیان 2026-27 کے لیے باہمی تعاون کے پروگرام کی دستاویز بھی طے پائی۔ 
پاکستان اور کرغزستان کی وزارتِ تعلیم کے درمیان تعلیمی شعبے میں تعاون، جبکہ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔ طبی تعلیم کے فروغ کے لیے کرغزستان کی وزارتِ صحت اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ کیا گیا۔ 
دونوں ممالک نے منشیات، سمگلنگ اور دیگر جرائم کی روک تھام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف تعاون کی مفاہمتی یادداشت سمیت قانونی معاونت اور حوالگی سے متعلق دستاویزات بھی طے پائیں۔ 
تقریب میں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ٹرانزٹ تجارت کے معاہدے کی دستاویز کا بھی تبادلہ کیا گیا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور علاقائی رابطوں کو مزید فروغ دینا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک باہمی تجارت کو آئندہ دو برس میں تقریباً 16 ملین ڈالر سے بڑھا کر 200 ملین ڈالر تک لے جانے کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔ 

دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، صنعت، تعلیم، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ 

ٹیگز: