Get Alerts

پاکستان ہاکی ٹیم 5 ستمبر کو جنوبی کوریا روانہ ہوگی، 3 میچز کی سیریز شیڈول

پاکستان ہاکی ٹیم 5 ستمبر کو جنوبی کوریا روانہ ہوگی، 3 میچز کی سیریز شیڈول

سیول : پاکستان ہاکی ٹیم ایشین گیمز کی تیاریوں کے سلسلے میں 5 ستمبر کو جنوبی کوریا کے دورے پر روانہ ہوگی، جہاں قومی ٹیم میزبان کورین سائیڈ کے خلاف تین میچز کھیلے گی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کو کوریا کے دورے اور آئندہ ایشین گیمز کے لیے برقرار رکھا گیا ہے۔

پی ایچ ایف کے صدر محی الدین وانی کا کہنا ہے کہ جنوبی کوریا کے خلاف تین میچوں کی سیریز قومی ٹیم کے لیے ایشین گیمز سے قبل تیاری کا اہم موقع ثابت ہوگی۔ ان کے مطابق ان مقابلوں سے کھلاڑیوں کو اپنی خامیوں پر قابو پانے اور ٹیم کمبی نیشن بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

قومی ٹیم 15 ستمبر کو ایشین گیمز میں شرکت کے لیے جاپان کے شہر ایچی ناگویا پہنچے گی۔ ایونٹ میں پاکستان کو ملائیشیا، چین، عمان، ازبکستان اور تھائی لینڈ کے ساتھ گروپ میں رکھا گیا ہے۔

ایشین گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی ٹیم لاس اینجلس اولمپکس کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرے گی، جس کے باعث قومی ٹیم کے لیے ایونٹ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

پی ایچ ایف صدر کے مطابق قومی چیمپئن شپ کے لیے 2 کروڑ 80 لاکھ روپے کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے، جبکہ سینئر، جونیئر اور انڈر 15 قومی ہاکی چیمپئن شپ جنوری میں منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

محی الدین وانی کا کہنا ہے کہ ملک میں قومی کھیل کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں اور ان کے نتائج سامنے آنے میں کچھ وقت لگے گا۔ ان کے مطابق کھلاڑیوں کو درپیش سابقہ مسائل حل کرنے، انہیں بہتر سہولیات فراہم کرنے اور ڈومیسٹک سطح پر مالی مشکلات کم کرنے کے لیے بھی کام کیا جارہا ہے۔

ٹیگز: