لاہور : پاکستان میں چار سال سے زائد عرصے کے بعد جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ میچز کے ذریعے واپس آئے گی۔ ذرائع کے مطابق پہلی ٹیسٹ میچ 12 سے 16 اکتوبر تک قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ون ڈے سیریز کا آغاز 28 اکتوبر کو راولپنڈی سے ہوگا، جب کہ باقی دو میچز 31 اکتوبر اور 2 نومبر کو فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ یہ شہر طویل عرصے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی کرے گا، بشرطیکہ شیڈول کی حتمی منظوری مل جائے۔
ٹی 20 سیریز کا آغاز 5 نومبر کو ملتان میں ہوگا، جبکہ آخری دو میچز 8 اور 9 نومبر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ اس حوالے سے جنوبی افریقی وفد پاکستان میں موجود ہے جو انتظامات کا جائزہ لے کر آج واپس جا رہا ہے۔
تاہم، ملتان میں میچ ہونے کے امکانات کم ہیں کیونکہ وفد نے اس شہر کا دورہ نہیں کیا۔ یہ شیڈول ابھی فائنل نہیں ہوا اور دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان بات چیت کے بعد اس کی منظوری دی جائے گی، جس میں تاریخوں اور وینیوز میں تبدیلیاں ممکن ہیں۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقی ویمنز ٹیم بھی رواں ماہ پاکستان میں تین ٹی 20 میچز کھیلنے والی ہے۔
پروٹیز نے آخری بار جنوری-فروری 2021 میں پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی، جس میں وہ وائٹ واش کا شکار ہوئے تھے۔ ٹی 20 سیریز میں بھی انہیں 1-2 سے شکست ہوئی تھی۔ مارچ میں ہونے والے ون ڈے چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی۔
اس سے قبل، مئی میں فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں بنگلا دیش کے خلاف ٹی 20 میچز کروانے کا اعلان ہوا تھا، جو 17 سال بعد اس اسٹیڈیم میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی تھی، تاہم بعد میں پی ایس ایل میچز کے ری شیڈول ہونے کی وجہ سے تمام میچز لاہور میں ہوئے۔