Get Alerts

پی سی بی کا پاکستانی کھلاڑیوں کی ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں شرکت پر پابندی کا فیصلہ

پی سی بی کا پاکستانی کھلاڑیوں کی ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں شرکت پر پابندی کا فیصلہ

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (WCL) میں آئندہ پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز کے خصوصی اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں ٹورنامنٹ کے منتظمین کے متعصبانہ فیصلوں اور دوہرے معیار پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ جان بوجھ کر میچ نہ کھیلنے والی ٹیم کو پوائنٹس دینا کھیل کی روح کے خلاف ہے اور اس سے کھیل کے وقار کو نقصان پہنچا ہے۔

پی سی بی نے کہا کہ کھیلوں کو سیاسی مفادات اور محدود تجارتی ترجیحات کے تابع کرنا ناقابل قبول ہے، اور یہ طرزِ عمل بین الاقوامی کھیلوں کے لیے خطرناک نظیر بن سکتا ہے۔

اعلامیے کے مطابق، ٹورنامنٹ منتظمین کی جانب سے معذرت دراصل اس بات کا غیر علانیہ اعتراف ہے کہ فیصلے کھیل کے اصولوں کی بنیاد پر نہیں، بلکہ مخصوص سیاسی دباؤ کے تحت کیے گئے۔ پی سی بی کا مؤقف ہے کہ کھیل کو سیاست سے پاک رکھا جانا چاہیے، اور اسی اصول کو سامنے رکھتے ہوئے بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ اب پاکستانی ٹیم یا کھلاڑی اس متنازعہ ایونٹ میں شرکت نہیں کریں گے۔

پی سی بی نے واضح کیا کہ وہ ایسے کسی ٹورنامنٹ میں اپنی شمولیت نہیں دیکھتا جس میں کھیل سے زیادہ سیاست بولتی ہو۔ 

ٹیگز: