لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے دھاندلی کے الزامات بے بنیاد ہیں۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ میرپور کے بعد مظفرآباد میں بھی مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کر رہی ہے اور بعض حلقوں کا ردعمل ان کی شکست کو ظاہر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک یا دو ووٹوں پر غلط مہر لگنے کی مثالیں پیش کر کے پورے انتخابی عمل کو متنازع بنانا درست طرزِ عمل نہیں۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ انتخابات الزام تراشی، دھمکیوں یا احتجاج سے نہیں بلکہ عوام کے ووٹ سے جیتے جاتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آزاد کشمیر اور پنجاب کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بیانیے کو مسترد کر دیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اگر پیپلز پارٹی دھاندلی کا دعویٰ کرتی ہے تو اسے یہ بھی ماننا ہوگا کہ آزاد کشمیر کی حکومت بھی بلاول بھٹو کے خلاف دھاندلی کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ سندھ کے عوام مریم نواز جیسا وزیراعلیٰ چاہتے ہیں۔