راولپنڈی: سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ میرپور کے عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے شیر کے نشان پر مہر لگائی، اب مظفرآباد اور پنجاب میں بھی مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مظفرآباد اور پنجاب میں بھی مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں میں وہی جوش و جذبہ نظر آ رہا ہے، جبکہ ورکرز کیمپوں کی رونق کامیابی کی نشاندہی کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک جماعت شکست کے بعد رونے اور دھاندلی کے الزامات کی سیاست کر رہی ہے، تاہم انتخابات رونے، دھمکیوں یا الزام تراشی سے نہیں بلکہ کارکردگی، ووٹر کے باہر نکلنے اور ووٹ کی پرچی پر مہر لگانے سے جیتے جاتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگلا مرحلہ پونچھ کا ہے جس کے لیے مسلم لیگ (ن) نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے اور شیر کامیاب ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ مہاجرین کی نشستوں پر پولنگ کا وقت ختم ہو چکا ہے جبکہ مظفرآباد میں پولنگ کا وقت بڑھایا گیا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ہزاروں ووٹوں پر مشتمل انتخابی عمل میں ایک دو ووٹوں پر اعتراضات کی بنیاد پر پورے الیکشن کو متنازع بنانا درست نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر نے پولنگ کے دوران ہی دھاندلی کے الزامات لگانا شروع کر دیے تھے۔
مریم اورنگزیب نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گولی اور گالم گلوچ کی سیاست کسی کو زیب نہیں دیتی۔ ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی کا واقعہ پیش آیا، جس دوران ایک بزرگ کو دل کا دورہ پڑا، تاہم بعد میں معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کارکنوں کی لڑائی جھگڑے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر موجود ہیں اور الزامات کی سیاست ترک کر کے جمہوری رویہ اپنانا چاہیے۔