Get Alerts

پولیس اہلکار کی فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت، ورثا کا لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج

 پولیس اہلکار کی فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت، ورثا کا لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج

اسلام آباد: اسلام آباد میں تھانہ سبزی منڈی کے علاقے میں ایگل اسکواڈ کے اہلکار نے ناکے پر گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا۔ گاڑی نہ روکنے پر پولیس اہلکار نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں کار میں سوار نوجوان تیمور ریاض جاں بحق ہو گیا جبکہ گاڑی میں سوار ماہین نامی لڑکی محفوظ رہی۔ فائرنگ کے بعد ایگل اسکواڈ کا اہلکار سمیع اپنے ساتھی سمیت موقع سے فرار ہو گیا۔ نوجوان کی لاش کو پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ لڑکی ماہین کو تھانے پہنچا دیا گیا ہے۔

پولیس فائرنگ سے ہلاک ہونے والے شخص تیمور ریاض کا تعلق مردان سے بتایا گیا ہے۔ دوسری جانب لواحقین  نے پوسٹ مارٹم کے بعد نوجوان تیمورکی لاش آئی جے پرنسپل روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا جس کےباعث ٹریفک کا نظام شدید درہم برہم ہو گیا ہے۔ گاڑی کی لمبی لمبی قطاروں کے باعث آئی جے پرنسپل روڈ ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہو گیا۔ اس موقع پر شہریوں نے لواحقین کے ساتھ مل کر پولیس چوکی کو آگ لگا دی۔

دوسری جانب کانسٹیبل سمیع اور طارق کے خلاف قتل کا مقدمہ تھانہ سبزی منڈی میں درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ مقتول کے بھائی فاروق ریاض کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے تاہم دونوں پولیس اہلکار تاحال مفرور ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں