اسلام آباد :وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کو امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے انتہائی اہم مذاکرات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق یہ مذاکرات ترکیہ کے شہر استنبول میں منعقد ہو رہے ہیں، جن کا مقصد خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرانی کے مطابق پاکستان کو باضابطہ طور پر ان مذاکرات میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ یہ اہم ملاقاتیں استنبول میں ہوں گی، جہاں امریکی خصوصی ایلچی اور ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات بھی متوقع ہے۔
حکومتِ پاکستان کی جانب سے ان مذاکرات میں کون شرکت کرے گا، اس کا حتمی فیصلہ آئندہ ایک سے دو روز میں متوقع ہے۔ یہ مذاکرات "بیک ڈور چینل" کوششوں کے نتیجے میں ممکن ہوئے ہیں اور پاکستان کا کردار اس حوالے سے انتہائی کلیدی سمجھا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اس وقت ان مذاکرات میں اپنی نمائندگی کے لیے مختلف آپشنز پر غور کر رہا ہے۔ توقع ہے کہ وزیر خارجہ یا کوئی اعلیٰ سطح کا وفد اس اجلاس میں پاکستان کا موقف پیش کرے گا۔ سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان مذاکرات میں پاکستان کی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی برادری خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے۔