تہران: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ پاکستان پہنچنے والا اعلیٰ سطح کا ایرانی وفد ملک کے قومی مفادات کا مکمل تحفظ کر رہا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ وفد جرات اور ذمہ داری کے ساتھ مذاکرات میں حصہ لے گا، جبکہ عوام کی خدمت کا سلسلہ کسی بھی لمحے رکے گا نہیں۔
دوسری جانب فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس کے بعد انہوں نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان اسلام آباد میں جاری امن مذاکرات پر گفتگو ہوئی۔
ادھر پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد اس وقت خیر سگالی اور سفارتی کوششوں کا مرکز بنا ہوا ہے، جس کا مقصد ایران کے خلاف جاری غیر قانونی صورتحال کے خاتمے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ آیا امریکا پاکستان کی ثالثی اور خیر سگالی کی کوششوں کا احترام کرے گا یا نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال صرف ایران کے خلاف نہیں بلکہ خطے اور عالمی امن کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔