اسلام آباد: جنوبی افریقہ کی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل وائز مین سیمو مبامبو نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ اس موقع پر جنوبی افریقی مہمان کو تینوں افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں دونوں اعلیٰ عسکری حکام نے باہمی دلچسپی کے دفاعی امور، فوجی تعاون اور روابط کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران عالمی و علاقائی جغرافیائی و سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے جنوبی افریقی مہمان کو خطے کی سکیورٹی صورتحال اور پاکستان کی امن و استحکام کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ جواب میں لیفٹیننٹ جنرل وائز مین سیمو مبامبو نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دہشت گردی کے خلاف ان کی قربانیوں کو سراہا۔