لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے شواہد پر مبنی جدید ای چالان نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت ہر چالان ویڈیو اور تصاویر جیسے قابلِ تصدیق ثبوت کے ساتھ جاری کیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ شہری کو 8070 سے ایک الرٹ ایس ایم ایس موصول ہوگا، جس میں ایک خصوصی لنک شامل ہوگا۔ اس لنک پر کلک کرکے شہری اپنی مبینہ خلاف ورزی کی ویڈیو اور تصاویر خود دیکھ سکیں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ پنجاب بھر میں یہ نظام ٹریفک پولیس ون ایپ کے ذریعے فعال کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر متعارف کرایا گیا یہ اقدام چالان جاری کرنے کے عمل کو زیادہ شفاف، منصفانہ اور عوام کے اعتماد کے مطابق بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ نئے نظام سے شہریوں اور ٹریفک اہلکاروں کے درمیان غیر ضروری بحث اور تنازعات میں نمایاں کمی آئے گی، وقت کی بچت ہوگی اور ایسے افراد کے خلاف بھی مؤثر قانونی کارروائی ممکن ہوگی جو چالان کی ادائیگی سے گریز کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹریفک پولیس کے نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور جوابدہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ ثبوت پر مبنی چالاننگ کا یہ طریقہ قانون پر یکساں عمل درآمد اور عوامی اعتماد کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔