کراچی: سونے کی قیمتوں میں بدھ کے روز مقامی صرافہ بازار میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 8 ہزار 600 روپے کم ہو کر 4 لاکھ 67 ہزار 762 روپے پر آ گئی، جبکہ گزشتہ کاروباری روز یہ قیمت 4 لاکھ 76 ہزار 362 روپے تھی۔
اسی طرح 24 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت میں 7 ہزار 373 روپے کی کمی واقع ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 1 ہزار 30 روپے مقرر ہوئی، جبکہ پہلے یہ 4 لاکھ 8 ہزار 403 روپے میں فروخت ہو رہا تھا۔ 22 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت بھی 6 ہزار 759 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 67 ہزار 624 روپے رہ گئی، جو ایک روز قبل 3 لاکھ 74 ہزار 383 روپے تھی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخوں میں گراوٹ دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 86 ڈالر سستا ہو کر 4 ہزار 454 ڈالر پر آ گیا، جبکہ گزشتہ روز اس کی قیمت 4 ہزار 540 ڈالر تھی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان برقرار رہا۔ فی تولہ چاندی 259 روپے سستی ہو کر 7 ہزار 894 روپے کی سطح پر آ گئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 222 روپے کم ہو کر 6 ہزار 767 روپے ریکارڈ کی گئی۔
ایسوسی ایشن کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں چاندی کی فی اونس قیمت بھی 2.59 ڈالر کی کمی کے بعد 74.10 ڈالر پر پہنچ گئی۔