آپریشن ردالفساد : شہید لیفٹننٹ راجہ خاوراورنائیک شہزاد کی نماز جنازہ ادا

 آپریشن ردالفساد : شہید لیفٹننٹ راجہ خاوراورنائیک شہزاد کی نماز جنازہ ادا

پشاور/ راولپنڈی: انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشن ردالفساد میں شہید ہونے والے نائیک شہزاد اور لیفٹننٹ راجہ خاور کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مادر وطن کے تحفظ میں جان قربان کرنا سب سے زیادہ مقدس ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایف آر بنوں کے علاقے میں گزشتہ رات انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشن میں شہید نائیک شہزاد اور لیفٹننٹ راجہ خاور کی نماز جنازہ کور ہیڈکواٹرز پشاور میں ادا کردی گئی ہے۔

نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل نذیر بٹ، کمانڈر آرمی ایئر ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل زاہد لطیف سمیت دیگر اعلی فوجی اور سول افسران نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد دونوں شہدا کی میتیں آبائی علاقوں میں روانہ کردی گئیں ہیں جہاں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ انہیں سپردخاک کیا جائے گا۔اس موقع پر اپنے پیغام میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ مادر وطن کے تحفظ میں جان قربان کرنا سب سے زیادہ مقدس ہے ، شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ وطن کی خاطر جان کی قربانی سے بڑھ کر مقدس کوئی چیز نہیں ہے، ہماری زندگی اور خون پاکستان کے لئے ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بنوں کے علاقے جانی خیل میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیس آپریشن میں 4 دہشت گردہلاک جب کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا افسر اور اہلکارشہید ہوگئے تھے۔

مصنف کے بارے میں