کراچی: عالمی افق پر جنگی بادلوں اور گزشتہ روز کی شدید مندی کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج تیزی کا طوفان دیکھا گیا ہے۔ انویسٹرز نے گزشتہ روز کے خوف کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بھرپور خریداری کی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس ایک بار پھر بلندیوں کی جانب گامزن ہے۔ انڈیکس میں اضافہ: 1,266 پوائنٹس، موجودہ سطح: 1 لاکھ 53 ہزار 239 پوائنٹس، گزشتہ روز کی بندش 1 لاکھ 51 ہزار 972 پوائنٹس پر تھی۔
گزشتہ روز بحرین اور سعودی عرب میں امریکی تنصیبات پر حملوں کی خبروں نے عالمی منڈیوں سمیت پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھی لرزا دیا تھا، جس کی وجہ سے انڈیکس 1 لاکھ 51 ہزار 972 پر بند ہوا تھا۔ تاہم، آج کے سیشن میں سرمایہ کاروں نے مارکیٹ کی نچلی سطح کا فائدہ اٹھایا اور بڑے پیمانے پر شیئرز کی خریداری کی، جس سے مارکیٹ میں مثبت رجحان لوٹ آیا۔