اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں ایک ہی دن انتخابات کرانے کے معاملے پر حکومت کے ساتھ مذاکرات سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی۔
پی ٹی آئی نے متفرق درخواست میں عدالت کو بتایا گیا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے 3 ادوار ہوئے، مذاکرات میں پی ٹی آئی نے ہر ممکن حد تک لچک دکھائی۔
متفرق درخواست میں گزشتہ رات مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت کی تفصیلات بھی شامل کی گئی تھیں۔
خیال رہے گزشتہ روز حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے تیسرے دور میں ملک بھر میں ایک ہی دن الیکشن کرانے پر اتفا ق ہو گیا لیکن تاریخ طے نہ ہوسکی۔
حکومتی اتحاد اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مذاکرات کے تیسرے دور میں تفصیل کے ساتھ مثبت طریقے سے تمام چیزوں پر تبادلہ خیال کیا اور مجموعی نتیجہ مثبت نکلا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ایک بات پر اتفاق ہے کہ ملک میں ایک ہی دن تمام انتخابات ہونے چاہئیں اور صوبوں میں الگ یا مختلف تاریخ پر انتخابات کی کوئی بات نہیں ہے۔