Get Alerts

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

 ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں خشک اور سرد موسم کی توقع ہے۔ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، مگر پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ مسلسل خشک موسم اور فضائی آلودگی کے باعث پنجاب کے مختلف اضلاع میں اسموگ کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے، جس کے لیے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسلام آباد میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے، جب کہ مری، گلیات اور اس کے گرد و نواح میں بھی موسم خشک رہے گا۔ لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، خانیوال، ساہیوال، رحیم یار خان، بہاولپور، ملتان اور دیگر قریبی علاقوں میں اسموگ کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے۔

سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے، تاہم چترال، دیر، باجوڑ اور کرم میں چند مقامات پر بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے کل سے کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے شمالی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، اور پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہو سکتی ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے، جب کہ مری میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا، اور پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں اسموگ چھائی رہی، جس کے باعث فضائی آلودگی کے اثرات محسوس کیے گئے۔

ٹیگز: