Get Alerts

لاہور میں بارش سے موسم خوشگوار، ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی

لاہور میں بارش سے موسم خوشگوار، ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش نے موسم کو دلفریب بنا دیا۔ شہر کے مختلف علاقوں جیسے جیل روڈ، مال روڈ، قرطبہ چوک اور اردگرد کے علاقوں میں بادل خوب برسے، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور ٹھنڈی ہواؤں نے فضا کو خوشگوار بنا دیا۔

بارش کے بعد لاہور کے شہریوں نے موسم کے مزے لیے، جبکہ آسمان پر اب بھی بادلوں نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں، جو مزید بارش کی نوید دے رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں اور دنوں میں ملک کے کئی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں بھی تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پنجاب کے شہروں مری، گلیات، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ،سیالکوٹ ،  گجرات،  اور نارووال میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے علاقوں چترال، سوات، پشاور، مردان، صوابی، کوہاٹ، وزیرستان اور دیگر مقامات پر بھی آندھی، گرج چمک، بارش اور کہیں کہیں ژالہ باری کا امکان ہے۔ بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، چمن، ژوب، خضدار، لسبیلہ اور دیگر علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہے گا، تاہم عمر کوٹ، تھرپارکر، لاڑکانہ اور دادو میں بارش ہو سکتی ہے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ ساتھ گرج چمک اور تیز بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ تیز بارش اور ژالہ باری کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ٹیگز: