لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش اور تیز ہواؤں کے باعث شدید گرمی کی لہر کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، حافظ آباد، گجرات، سرگودھا سمیت کئی علاقوں میں بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے باعث شہریوں نے گرمی سے وقتی نجات حاصل کی، تاہم بعض نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج بھی پنجاب کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔