اسحاق ڈار کی احتساب عدالت میں ٹرائل روکنے کی درخواست مسترد

 اسحاق ڈار کی احتساب عدالت میں ٹرائل روکنے کی درخواست مسترد

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی دائر کردہ درخواست پر سماعت ہوئی جس میں اسحاق ڈار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ احتساب عدالت نے دستاویزات پڑھنے کے لیے مناسب وقت نہیں دیا جس پر جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ اگر فرد جرم عائد ہوچکی تو حکم کیسے معطل کریں آپ کی یہ درخواست تو غیر مؤثر ہو چکی ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے اسحاق ڈار کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ نے فرد جرم عائد کرنے کی چارج شیٹ ساتھ نہیں لگائی جس پر وزیر خزانہ کے وکیل نے بتایا کہ ابھی تک شیٹ فراہم نہیں کی گئی۔

عدالت نے اسحاق ڈار کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد اسحاق ڈار کی احتساب عدالت میں ٹرائل کو روکنے اور فرد جرم کی کارروائی کو معطل کرنے کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ سنایا۔

یاد رہے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں نیب ریفرنس پر فرد جرم کی کارروائی معطل کرنے اور ٹرائل روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں پر قائم نیب ریفرنس میں اسحاق ڈار پر 27 ستمبر کو فرد جرم عائد کی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں