اسلام آباد / راولپنڈی / سوات : ملک کے مختلف حصوں میں صبح سویرے تیز بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ کئی علاقوں میں نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں علی الصبح تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، جبکہ چند علاقوں میں اولے بھی گرے۔ سرد ہواؤں کے باعث موسم میں واضح ٹھنڈک محسوس کی گئی، جس سے سردیوں کے باضابطہ آغاز کا تاثر ملنے لگا ہے۔
راولپنڈی کے کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ مسلسل جاری رہا، جس کے باعث بعض نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا اور شہریوں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
ادھر خیبرپختونخوا کے علاقوں باجوڑ، مالاکنڈ اور سوات میں بھی رات گئے گرج چمک کے ساتھ شدید بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ ان علاقوں میں موسم سرد ہو گیا ہے اور لوگ گرم کپڑوں کا استعمال کرنے لگے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج مری، گلیات، جہلم، گوجرانوالہ اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کا امکان ہے ۔خیبرپختونخوا میں دیر، چترال، پشاور اور مردان میں بارش متوقع ہے اور کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ میں کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص کے بعض مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ممکنہ طوفانی ہواؤں اور ژالہ باری سے خبردار رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔