Get Alerts

ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان

ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک، موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔ یہ سلسلہ آج سے شروع ہو کر 12 مئی تک جاری رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، اس دوران کشمیر، شمال اور مشرقی پنجاب، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان، اور جنوب مشرقی سندھ میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ کچھ علاقوں میں تیز آندھی اور جھکڑ بھی چل سکتے ہیں۔ انتظامیہ کو خبردار کیا گیا ہے کہ اس موسمی نظام کے باعث کمزور انفرا اسٹرکچر جیسا کہ بجلی کے کھمبے، درخت، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

اسلام آباد سمیت مری، راولپنڈی، لاہور، ملتان، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، ڈی جی خان اور دیگر شہروں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بارش کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے علاقوں جیسے سوات، مانسہرہ، پشاور، کرک، وزیرستان وغیرہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی ہے۔

بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، خضدار، لسبیلہ اور دیگر اضلاع جبکہ سندھ میں تھرپارکر، عمرکوٹ، سکھر، لاڑکانہ، دادو اور میرپور خاص میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور سفر سے پہلے موسمی حالات سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ٹیگز: