Get Alerts

غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری، مزید 53 فلسطینی شہید، شہداء کی تعداد 66 ہزار سے تجاوز کر گئی

غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری، مزید 53 فلسطینی شہید، شہداء کی تعداد 66 ہزار سے تجاوز کر گئی

غزہ :  اسرائیل نے عالمی دباؤ اور بین الاقوامی مطالبات کو نظرانداز کرتے ہوئے غزہ میں اپنی وحشیانہ کارروائیاں جاری رکھیں، جہاں تازہ فضائی اور زمینی حملوں میں مزید 53 فلسطینی شہید ہو گئے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شہید ہونے والوں میں 13 افراد ایسے بھی شامل ہیں جو شدید بھوک اور قحط کے دوران امداد کی تلاش میں تھے۔ ان پر حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب وہ انسان دوست امداد کی امید لیے نکلے تھے۔

تازہ ہلاکتوں کے بعد غزہ میں اسرائیلی حملوں کے آغاز سے اب تک شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 66,225 تک جا پہنچی ہے، جب کہ 168,938 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

وزارت صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ متاثرین کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے، کیونکہ مسلسل بمباری کے باعث طبی عملے کو زخمیوں تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ہسپتالوں اور ایمبولینس سروسز بھی تباہی کی زد میں آ رہی ہیں، جس سے طبی سہولیات کا نظام مفلوج ہو چکا ہے۔

اسرائیلی جارحیت کے پیش نظر ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی (ICRC) نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ شہر میں اپنی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کر رہی ہے اور عملے کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل عالمی تنظیم ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز (MSF) بھی غزہ میں اپنا امدادی کام روک چکی ہے۔

فلسطینی حکام نے اقوام متحدہ، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے تاکہ طبی عملے کو محفوظ رسائی حاصل ہو، ہسپتالوں کو تحفظ دیا جا سکے،ا ور انسانی امداد بحال کی جا سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر عالمی ادارے فوری اقدامات نہیں کرتے تو انسانی المیہ ناقابلِ تصور حد تک بڑھ سکتا ہے۔

ٹیگز: