Get Alerts

پنجاب میں تاریخ کا سب سے بڑا فلڈ سروے شروع ، 81510 افراد کا ڈیٹا جمع

 پنجاب میں تاریخ کا سب سے بڑا فلڈ سروے شروع ، 81510 افراد کا ڈیٹا جمع

لاہور : پنجاب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پنجاب کی تاریخ کا سب سے وسیع فلڈ سروے جاری ہے۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 27 سیلاب متاثرہ اضلاع میں 1857 ٹیمیں گھر گھر جا کر متاثرین کا ڈیٹا اکٹھا کر رہی ہیں۔

اب تک فلڈ سروے میں 81,510 متاثرین کی تفصیلات درج کی جا چکی ہیں جبکہ 56,207 کسانوں سے ان کی فصلوں کے نقصانات کی تفصیلات حاصل کی گئی ہیں۔ سروے ٹیموں نے مجموعی طور پر 53,985 ایکڑ سیلاب سے متاثرہ اراضی کی نشاندہی کی ہے۔

اسی طرح، سیلاب سے متاثرہ 24,246 مکانات کا ڈیٹا بھی ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔ مزید برآں، 1,057 افراد جنہیں مویشیوں کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے، ان سے بھی معلومات جمع کی گئی ہیں۔ اب تک 3,945 ہلاک شدہ مویشیوں کی تفصیلات بھی مل چکی ہیں۔

پنجاب کے اربن یونٹ، ریونیو، محکمہ زراعت، لائیو سٹاک، اور پاک فوج کے نمائندے مل کر کام کر رہے ہیں اور کشتیوں کی مدد سے ان دور دراز اور سیلابی دیہات کا بھی سروے کیا جا رہا ہے تاکہ ہر متاثرہ فرد اور گھر کا درست ڈیٹا حاصل کیا جا سکے۔

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ روزانہ سروے کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ کام میں شفافیت اور تیزی برقرار رکھی جا سکے۔

سیلاب سے متاثرہ بزرگ شہری نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرین کے نقصان کی تلافی کے لیے بھرپور کام کریں گی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور میاں نواز شریف کے حق میں نعرے بھی لگائے اور سروے ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔

ٹیگز: