لاہور :پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فلڈ سروے کا عمل تیزی سے جاری ہے، اور اب تک 58 فیصد سروے مکمل کیا جا چکا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق، 2200 سے زائد سروے ٹیمیں اور 11 ہزار اہلکار متاثرہ اضلاع میں سرگرم ہیں اور متاثرین کی تفصیلات جمع کر رہے ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ اب تک 3 لاکھ 68 ہزار افراد کے متاثر ہونے کی تفصیلات جمع کی جا چکی ہیں۔ اس کے علاوہ، سروے ٹیموں نے 10 لاکھ 42 ہزار ایکڑ اراضی کو سیلاب سے متاثرہ قرار دیا ہے اور اس کی نشاندہی کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق، سیلاب سے متاثرہ ایک لاکھ 7 ہزار مکانات کا ڈیٹا بھی سروے ٹیموں نے جمع کر لیا ہے۔ یہ تفصیلات سیلاب کی شدت اور اس کے اثرات کا جائزہ لینے میں مددگار ثابت ہوں گی اور متاثرین کی امداد اور بحالی کے عمل کو تیز کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔