Get Alerts

غزہ کے لیے 11 کشتیوں پر مشتمل نیا فریڈم فلوٹیلا قافلہ روانہ، اسرائیلی محاصرے کو چیلنج کرنے کا عزم

غزہ کے لیے 11 کشتیوں پر مشتمل نیا فریڈم فلوٹیلا قافلہ روانہ، اسرائیلی محاصرے کو چیلنج کرنے کا عزم

روم/پیرس/غزہ: بین الاقوامی انسانی حقوق تنظیم فریڈم فلوٹیلا کولیشن (FFC) نے اعلان کیا ہے کہ 11 کشتیوں پر مشتمل نیا امدادی قافلہ غزہ کی جانب روانہ ہو چکا ہے، جس کا مقصد اسرائیل کے 18 سالہ محاصرے کو عالمی سطح پر چیلنج کرنا اور مظلوم فلسطینیوں تک امداد پہنچانا ہے۔

ترک خبر رساں ادارے ’انادلو‘ کے مطابق، اٹلی اور فرانس کے جھنڈے اٹھائے دو کشتیاں 25 ستمبر کو اطالوی بندرگاہ اوترانتو سے روانہ ہوئیں، جو 30 ستمبر کو ’کنشینس‘ نامی ایک اور کشتی سے مل گئیں۔ ان تین کشتیوں کو جلد ہی آٹھ مزید کشتیوں پر مشتمل قافلے — "تھاؤزنڈ میڈلینز ٹو غزہ" — کے ساتھ یکجا کیا جائے گا، جس کے بعد یہ قافلہ کل 11 کشتیوں پر مشتمل ہو جائے گا۔

فریڈم فلوٹیلا کے مطابق، اس وقت تقریباً 100 رضاکار ان کشتیوں پر سوار ہیں جو یونانی جزیرے کریٹ کے قریب موجود ہیں۔ ان مشنوں کا بنیادی مقصد غزہ کی ناکہ بندی کے خلاف پرامن احتجاج اور وہاں انسانی امداد کی فراہمی ہے۔


یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیلی بحریہ نے حال ہی میں غزہ جانے والی 42 کشتیوں کو روک کر ان پر سوار 450 سے زائد عالمی کارکنوں کو گرفتار کر لیا تھا۔ ان کارکنوں کا تعلق مختلف ممالک سے تھا اور ان کا مقصد انسانی امداد لے کر غزہ پہنچنا تھا۔


اسرائیل نے غزہ کی 24 لاکھ سے زائد آبادی کو گزشتہ 18 برسوں سے محاصرے میں رکھا ہوا ہے، جسے مارچ 2024 میں مزید سخت کر دیا گیا۔ سرحدی راستوں کی بندش کے باعث خوراک، ادویات اور ایندھن کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے، اور اقوام متحدہ کے مطابق، غزہ اب رہنے کے قابل نہیں رہا۔

اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بارہا خبردار کر چکی ہیں کہ غزہ میں قحط اور وبائی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں، جب کہ اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی بمباری میں 66,200 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔


فریڈم فلوٹیلا کولیشن کے مشنز کو ماضی میں بھی متعدد بار اسرائیلی فورسز نے روکا، ان پر حملے کیے، اور امدادی سامان ضبط کر لیا۔ کئی کارکنوں کو حراست میں لینے کے بعد ڈیپورٹ بھی کیا گیا۔

ٹیگز: