Get Alerts

بھارت کی شمالی ریاستوں میں شدید مون سون بارشیں، تباہی کے مناظر، ریڈ الرٹ جاری

بھارت کی شمالی ریاستوں میں شدید مون سون بارشیں، تباہی کے مناظر، ریڈ الرٹ جاری

نئی دہلی: بھارت کی شمالی ریاستیں اس وقت شدید مون سون بارشوں کی لپیٹ میں ہیں، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی، جانی نقصان اور نقل مکانی کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 7 روز کے لیے شدید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے پنجاب، ہماچل پردیش، دہلی، اتراکھنڈ اور اترپردیش سمیت متعدد ریاستوں میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ریاست پنجاب کے 12 اضلاع میں سیلابی صورتحال نے خطرناک رخ اختیار کر لیا ہے۔ سیکڑوں مکانات اور سڑکیں زیر آب آ چکی ہیں، جب کہ زرعی زمینیں تباہ ہونے سے فصلیں بھی پانی میں بہہ گئی ہیں۔ ڈھائی لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، جنہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ دریائے راوی، ستلج اور بیاس میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے تجاوز کر چکی ہے۔

پہاڑی ریاست ہماچل پردیش کو باقاعدہ طور پر آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔ مختلف حادثات، بشمول لینڈ سلائیڈنگ، سڑک حادثات اور مکانات گرنے کے واقعات میں اب تک 320 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں تاہم دشوار گزار راستے ریسکیو آپریشنز میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔

بھارتی دارالحکومت دہلی میں دریائے یمنا کی سطح خطرے کے نشان سے بڑھ گئی ہے، جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ انتظامیہ نے اسکولز اور دفاتر بند کر دیے ہیں جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

اتراکھنڈ اور اترپردیش میں شدید بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور راستوں کی بندش کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ چندی گڑھ میں سکھنا جھیل کے فلڈ گیٹ کھول دیے گئے ہیں، جب کہ گروگرام (ہریانہ) میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

ریاستی حکومتوں نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی ریلیف کیمپ قائم کر دیے ہیں، جہاں متاثرین کو خوراک، پانی اور طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ فوج، NDRF اور دیگر امدادی ادارے ریسکیو آپریشنز میں مصروف عمل ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ایک ہفتے تک مزید شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس سے صورتحال مزید بگڑنے کا خدشہ ہے۔

ٹیگز: