لاہور: وفاقی وزیر احسن اقبال، سینیٹر رانا ثنا اللہ اور خواجہ سلمان رفیق پر مشتمل حکومتی مذاکراتی وفد نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں عوام کو ریلیف دینے، پٹرولیم لیوی میں کمی اور بجلی کے شعبے سے متعلق جماعت اسلامی کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ سب چاہتے ہیں عوام کو ریلیف ملنا چاہیے، جماعت اسلامی کے پاس پٹرولیم لیوی کم کرنے کی تجویز ہے تو خوشی ہوگی۔ حکومت جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم سے مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت جہاں تک ممکن ہوسکا عوام کو ریلیف دے گی، عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔ کوشش ہے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔
سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت قابلِ عمل تجاویز پر مکمل عمل درآمد کرے گی۔ جماعت اسلامی کا مقصد عام آدمی کو ریلیف دلانا ہے، ایران جنگ کی وجہ سے عام آدمی پر بوجھ پڑا ہے۔ حکومت کا بھی فوکس عوام کو ریلیف دینا ہے اور ہمارے پاس ایسی تجاویز ہیں جن سے ریلیف مل سکتا ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ دھرنوں کا آج 19واں دن ہے، دھرنا کسی ذاتی ایجنڈے کے لیے نہیں دیا۔ مہنگائی کی وجہ سے ہر آدمی متاثر ہورہا ہے اور لوگوں کی زندگی مشکل ہوگئی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپنے ہدف سے زیادہ پٹرولیم لیوی کی مد میں 100 ارب روپے جمع کیے۔ بجلی بنتی نہیں لیکن کیپسٹی پیمنٹ کی مد میں پیسے لیے جارہے ہیں، آئی پی پیز کے معاہدے غلط ہوئے ہیں۔