اسلام آباد: پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک کے حوالے سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے سیاسی رابطے تیز کردیئے۔ حافظ نعیم الرحمان نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے رابطہ کرکے پٹرولیم لیوی، مہنگائی اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو عوام پر پٹرولیم لیوی کے بوجھ کے خلاف بھرپور آواز اٹھانی چاہیے۔ تمام اپوزیشن جماعتوں کو مہنگائی اور عوامی مسائل پر مؤثر انداز میں آواز بلند کرنا ہوگی۔
مولانا فضل الرحمان نے جماعت اسلامی کی جانب سے عوام کے حقیقی مسئلے پر آواز اٹھانے کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ وفاقی حکومت پٹرولیم لیوی کے معاملے پر عوام کو ریلیف فراہم کرے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کی عوامی مسائل پر جمہوری جدوجہد کو لائقِ تحسین قرار دیا۔
رابطوں کے دوران مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور عوام کو درپیش مشکلات سمیت دیگر اہم امور پر بھی گفتگو کی گئی۔