سیالکوٹ: وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارت کو سخت ترین الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دشمن نے کسی بھی قسم کے "فالس فلیگ آپریشن" کی جرات کی تو پاکستان کا جواب سرحدوں تک محدود نہیں رہے گا بلکہ ہم کولکتہ تک جا کر ماریں گے۔ سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بھارت کے دہشت گردی کے نئے ڈرامے کو بھی بے نقاب کر دیا۔وزیر دفاع نے انکشاف کیا کہ بھارت عالمی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے ایک بار پھر خطرناک کھیل کھیل رہا ہے۔
بھارت اپنی قید میں موجود بے گناہ پاکستانیوں کی لاشیں پھینک کر انہیں دہشت گرد ثابت کرنے اور دنیا کے سامنے "دہشت گردی کا ڈرامہ" رچانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت پہلے بھی پاکستان کے ہاتھوں جنگ میں خوب ذلت اٹھا چکا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستانی ایئر فورس نے بھارتی حدود میں گھس کر انہیں جو "پھینٹی" لگائی، وہ تاریخ کا حصہ ہے۔
خطے کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے پاکستان کی سفارتی اہمیت کو اجاگر کیا۔ خواجہ آصف نے بتایا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے اور مذاکراتی عمل کو فروغ دینے میں پاکستان ایک کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے تمام برادر ممالک کے اختلافات کا ختم ہونا ضروری ہے اور پاکستان اس سلسلے میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ وزیر دفاع کے اس بیان نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور کسی بھی بھارتی جارحیت کا جواب اسی کی زبان میں دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔