سیالکوٹ : وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارت کو سخت خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دشمن نے کسی بھی قسم کی جارحیت یا 'پہلگام' جیسے فالس فلیگ آپریشن کی کوشش کی، تو پاکستان کا جواب صرف سرحدوں تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اس کا بھرپور جواب 'کولکتہ' تک دیا جائے گا۔
سیالکوٹ میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت اپنی داخلی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے اکثر فالس فلیگ آپریشنز کا سہارا لیتا ہے، لیکن اسے یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔ انہوں نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے عالمی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
ایران اسرائیل جنگ کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے ملک کو بھاری وسائل کی ضرورت ہوگی۔خواجہ آصف نے مقامی سطح پر ترقیاتی کاموں کے حوالے سے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ حکومت سیالکوٹ کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ تین سالوں کے دوران سیالکوٹ کی شکل و صورت مکمل طور پر تبدیل کر دی جائے گی۔ جدید انفراسٹرکچر اور میگا پراجیکٹس کے ذریعے شہر کو ایک ماڈل سٹی بنایا جائے گا۔
وزیر دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو اس وقت جہاں سرحدوں پر چیلنجز کا سامنا ہے، وہی عالمی تنازعات کے باعث معاشی دباؤ بھی موجود ہے۔ تاہم، حکومت تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ترقی کے سفر کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔