Get Alerts

پولیس کی ملک و قوم کیلئے قربانیاں بے مثال ہیں، وزیر مملکت طلال چودھری

پولیس کی ملک و قوم کیلئے قربانیاں بے مثال ہیں، وزیر مملکت طلال چودھری

اسلام آباد :  وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ اگر پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیاب نہ ہوا تو اس کے اثرات پوری دنیا پر پڑیں گے۔

یوم شہدا پولیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ سیاسی عزم کے بغیر اس جنگ میں کامیابی ممکن نہیں۔ طلال چودھری نے خاص طور پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی صورتحال کو سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ صوبائی حکومتیں اپنی ذمہ داری پوری کریں۔

انہوں نے بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر سیکورٹی فورسز کے 2 سے 3 اہلکار شہید ہو رہے ہیں، اور اب غیر ذمہ داری قبول نہیں کی جا سکتی۔ طلال چودھری نے پولیس کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وردی نہ صرف فخر بلکہ فرض بھی ہے، اور بعض اوقات یہ قربانی کفن بن جاتی ہے۔

وزیر مملکت داخلہ نے ایران کے صدر کے حالیہ دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جنگ کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے افغانستان کے ساتھ امن کے لیے تعاون پر بھی زور دیا اور کہا کہ پاکستان نے اس سلسلے میں بڑی قربانیاں دی ہیں، اب افغانستان کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ایف سی، رینجرز اور پولیس کے درمیان تمام اختلافات ختم کر دیے گئے ہیں اور شہدا کے لیے یکساں پیکیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے وزیرداخلہ محسن نقوی کی کوششوں کو بھی سراہا جنہوں نے اسلام آباد پولیس کو اضافی وسائل فراہم کیے ہیں۔

ٹیگز: