Get Alerts

انجری کے بعد رشمیکا مندانا نے مداحوں کو اپنی صحت سے آگاہ کر دیا

انجری کے بعد رشمیکا مندانا نے مداحوں کو اپنی صحت سے آگاہ کر دیا

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ رشمیکا مندانا نے ہپ کی انجری کے بعد پہلی بار اپنی صحت اور بحالی کے عمل سے متعلق مداحوں کو تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔

اداکارہ نے کئی ہفتوں کی خاموشی کے بعد انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں حالیہ عرصے میں مسلسل تیسری انجری کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ سے فلمی مصروفیات عارضی طور پر روکنا پڑیں۔

رشمیکا کے مطابق یہ چوٹ ان کی نئی فلم "میسا" کی شوٹنگ کے دوران ایک ڈانس سین فلماتے ہوئے لگی۔ انہوں نے بتایا کہ دائیں ہپ کو ٹانگ سے جوڑنے والے چار پٹھوں میں سے ایک شدید متاثر ہوا اور اپنی جگہ سے الگ ہو گیا، جس کے باعث انہیں ٹانگ اٹھانے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر ان کے اختیار میں ہوتا تو وہ کام سے وقفہ نہ لیتیں، لیکن انجری نے انہیں اپنی صحت کو ترجیح دینے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اب انہیں اپنے جسم کا خیال زیادہ ذمہ داری سے رکھنا ہوگا اور اسے ایک مشین نہیں بلکہ انسان کا جسم سمجھ کر آرام دینا ہوگا۔

رشمیکا مندانا کی پوسٹ کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

رشمیکا کی آنے والی فلموں میں "میسا"، "رن بالی"، "پشپا 3"، "اینیمل پارک" اور "رکا" شامل ہیں، تاہم انجری کے باعث ان منصوبوں کے شیڈول پر ممکنہ اثرات کے بارے میں تاحال کوئی باضابطہ معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔

ٹیگز: