Get Alerts

ایران سے مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی، حتمی مرحلہ باقی ہے: امریکی وزیر خارجہ

ایران سے مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی، حتمی مرحلہ باقی ہے: امریکی وزیر خارجہ

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی بحالی سے متعلق ایران اور عمان کے ساتھ جاری مذاکرات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، تاہم فریقین ابھی کسی حتمی معاہدے تک نہیں پہنچ سکے۔

واشنگٹن میں محکمہ خارجہ کے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور تمام متعلقہ فریق ایک ایسے حل کے حصول کے لیے کوششیں کر رہے ہیں جو سب کے لیے قابل قبول ہو۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بات چیت کے دوران اہم معاملات پر پیش رفت ہوئی ہے، لیکن حتمی مرحلے تک پہنچنے کے لیے مزید کام باقی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں اس حوالے سے کوئی سمجھوتہ طے پا سکتا ہے، جس کے نتیجے میں آبنائے ہرمز کے ذریعے بحری نقل و حرکت معمول پر آسکے گی۔

مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا خطے میں کشیدگی کم کرنے اور دنیا کے اہم ترین تجارتی و توانائی کے راستوں میں سے ایک آبنائے ہرمز کو محفوظ رکھنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آزادانہ آمدورفت عالمی معیشت اور توانائی کی فراہمی کے نظام کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے، اسی لیے تمام فریق سفارتی حل تک پہنچنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ امریکا، ایران اور عمان کے درمیان رابطوں کا سلسلہ جاری ہے اور واشنگٹن کو توقع ہے کہ موجودہ پیش رفت جلد ایک باقاعدہ معاہدے میں تبدیل ہو جائے گی، جس سے نہ صرف خطے میں کشیدگی کم ہوگی بلکہ عالمی توانائی کی منڈیوں میں بھی استحکام آنے کا امکان ہے۔
 
 
 
 

ٹیگز: