سیالکوٹ کے پیدائشی بھارتی مصالحہ کنگ چل بسے

سیالکوٹ کے پیدائشی بھارتی مصالحہ کنگ چل بسے
کیپشن: فائل فوٹو

نئی دہلی ،معروف بھارتی بزنس مین دھرم پال گلاٹی 97 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ۔ مہاشیاں دی ہٹی  یعنی  ایم ڈی ایچ برانڈ کے بانی دھرم پال گلاٹی کا حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال ہوا ۔کچھ روز قبل ان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی تاہم وہ صحتیاب ہوگئے تھے لیکن گذشتہ روز دل کا دورہ ان کے لئے جان لیوا ثابت ہوا ۔ 

دھرم پال گلاٹی پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں 1923 کو پیدا ہوئے اور 1947 میں ہجرت کرکے نئی دہلی میں آباد ہوگئے ۔ انہوں نے 1500 روپے سے مصالحے کا کاروبار شروع کیا تھا جو چل نکلا اور پھر ساری دنیا میں یہ برانڈ مقبول ہوگیا ۔ اس وقت ایم ڈی ایچ برانڈ کا کاروبار دوہزار کروڑبھارتی روپے ہے ۔  

 دھرم پال گلاٹی پانچویں جماعت سے آگے نہ پڑھ سکے لیکن کاروبارصلاحیت سے مالا مال تھے ۔ ان کی کمپنی کی دنیا بھر میں 62 سے زائد مصنوعات فروخت ہورہی ہیں ۔ مہاشے دھرم پال گلاٹی نے پانچویں جماعت میں تعلیم ادھوری چھوڑ دی تھی مگر کاروبار میں سب سے آگے تھے اور ان کی کمپنی کی 62 مصنوعات دنیا بھر میں فروخت کی جاتی ہیں۔

دھرم پال گلاٹی کو بھارتی حکومت کی جانب سے سول ایوارڈ ’پدما بھوشن‘ سے بھی نوازاگیا تھا۔