پاک فضائیہ کے تین افسران کی ایئر مارشل کے عہدے پر ترقی

پاک فضائیہ کے تین افسران کی ایئر مارشل کے عہدے پر ترقی
کیپشن: ائیر وائس مارشل سید نعمان علی، ائیر وائس مارشل ظہیر احمد بابر اور ائیروائس مارشل جواد سعید کو ترقی دی گئی

اسلام آباد: حکومت پاکستان نے ائیروائس مارشل سید نعمان علی، ائیروائس مارشل ظہیر احمد بابر اور ائیروائس مارشل جواد سعید کو ائیر مارشل کے عہدے پر ترقی دے دی۔

ائیر مارشل سید نعمان علی نے اپریل1986 میں پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ ایک تربیت یافتہ فلائنگ انسٹرکٹر ہیں۔ اپنے کیرئیر کے دوران انہوں نے کمبیٹ کمانڈر اسکول اور آپریشنل ائیر بیس کی کمانڈ کی۔

وہ ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ڈائریکٹر آپریشنز، پرسنل اسٹاف آفیسر ٹو چیف آف ائیرسٹاف، انسپکٹر جنرل ائیر فورس، ڈپٹی چیف آف ائیر اسٹاف (آپریشنز) اور چیف پراجیکٹ ڈائریکٹر JF-17 کے طور پر بھی تعینات رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: الیکشن کے دوران 18 سیاسی رہنماؤں پر دہشت گرد حملوں کا خطرہ ہے، نیکٹا

ائیر مارشل سید نعمان علی کو پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور تمغہء امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

ائیر مارشل ظہیر احمد بابر نے اپریل 1986 میں پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے کیرئیر کے دوران انہوں نے فائٹر اسکواڈرن، آپریشنل ائیر بیس اور ریجنل ائیر کمانڈ کی کمان کی۔ وہ ائیر ہیڈ کوارٹرز میں اسسٹنٹ چیف آف ائیر اسٹاف (آپریشن ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ )، اسسٹنٹ چیف آف ائیر اسٹاف (ٹریننگ آفیسرز) اور ڈائریکٹر جنرل پراجیکٹس تعینات رہے۔

اس کے علاوہ ائیر مارشل ظہیر احمد بابر وزارت دفاع میں ایڈیشنل سیکریٹری کے طور پر بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ وہ کمبیٹ کمانڈر اسکول، ائیر وار کالج اور برطانیہ کے رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز سے فارغ التحصیل ہیں۔ انہیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور تمغہء امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

ائیر مارشل جواد سعید نے نومبر 1986 میں پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے کیرئیر کے دوران انہوں نے فائٹر اسکواڈرن، فائٹر ونگ، آپریشنل ائیر بیس اور ریجنل ائیر کمانڈ کی کمان کی۔

یہ بھی پڑھیں: نیب کورٹ سے محمد نواز شریف کو انصاف نہیں ملے گا، شاہد خاقان عباسی

وہ ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اسسٹنٹ چیف آف ائیر اسٹاف (آپریشنز) اور ڈپٹی چیف آف ائیر اسٹاف (آپریشنز) بھی تعینات رہے ہیں۔ وہ کمبیٹ کمانڈر اسکول، ائیر وار کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔ انہیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور تمغہء امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں