اسلام آباد : ملک کے بالائی علاقوں میں جاری مسلسل موسلادھار بارشوں کے باعث تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی ہے، جس پر حکام نے ڈیم کے سپل ویز کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق، سپل ویز کھولنے کے بعد دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جو دو لاکھ ساٹھ ہزار سے دو لاکھ ستر ہزار کیوسک تک جا سکتا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر ممکنہ سیلابی کیفیت سے نمٹنے کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ نے دریائے سندھ کے کنارے واقع علاقوں، خصوصاً نوشہرہ، صوابی اور ہری پور کے مکینوں کو محتاط رہنے اور فوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کے مطابق، تربیلا ڈیم سے پانی کے اخراج کے باعث دریائے سندھ میں طغیانی کا امکان ہے، جس سے نشیبی علاقوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آبی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور دریا کنارے سیر و تفریح کے دوران خاص احتیاط برتیں۔
ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، مقامی پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے ممکنہ متاثرہ علاقوں میں نگرانی اور حفاظتی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مقامی انتظامیہ سے رابطے میں رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ہیلپ لائنز پر اطلاع دیں۔