اسلام آباد : تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث سپل ویز کھول دیے گئے ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق، پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک تک بڑھنے کی توقع ہے۔
متعلقہ حکام نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریائے سندھ کے بہاؤ میں اضافے کے پیش نظر ملحقہ علاقوں کے مکین آبی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہی فراہم کر دی ہے اور نشیبی علاقوں کے مکینوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ مزید برآں، مقامی انتظامیہ سے تعاون کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال سے بچا جا سکے۔