استنبول: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت عالمی امن اور علاقائی استحکام کے لیے نہایت اہم پیش رفت ہے، جبکہ ترکیہ امن، خوشحالی اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا۔
استنبول میں وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ نیوز بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے صدر اردوان نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کے فروغ سے متعلق مختلف تجاویز پر بھی غور ہوا۔
ترک صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خصوصی اقتصادی زونز سے متعلق دونوں ممالک کی متعلقہ وزارتیں قریبی رابطے میں رہیں گی تاکہ مشترکہ منصوبوں پر پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیہ ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال اور مثالی مہمان نوازی پر صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے درمیان برادرانہ اور دلی تعلقات قائم ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چاہے جنگی حالات ہوں یا قدرتی آفات، ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کی بھرپور مدد کی۔ وزیراعظم نے بالخصوص مظفر گڑھ، سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور زلزلہ زدہ خطوں میں ترکیہ کی امدادی اور بحالی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان تعاون کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔