Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر کو ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا کام تیز کرنے کی ہدایت دیدی

وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر کو ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا کام تیز کرنے کی ہدایت دیدی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ گوادر کو جلد از جلد پاکستان ریلوے کے نیٹ ورک سے منسلک کیا جائے تاکہ علاقائی تجارت اور قومی معیشت کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

یہ ہدایات انہوں نے ریلوے سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے وزیراعظم کو پاکستان ریلویز میں جاری اصلاحات، سرمایہ کاری کے مواقع اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ بڑے ریلوے اسٹیشنز پر جدید انفارمیشن ڈیسک قائم کیے جا رہے ہیں، صفائی ستھرائی کا نظام آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے، اور خوراک کی نگرانی ریلویز اور صوبائی فوڈ اتھارٹیز کے اشتراک سے ہو رہی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ کئی بند سروسز کو بحال کیا گیا ہے جن میں بولان میل، خوشحال خان خٹک اور ڈیرہ غازی خان ایکسپریس شامل ہیں۔ ریلوے کی فیکٹریوں، ہسپتالوں، اسکولوں اور ریسٹ ہاؤسز کو ریونیو شیئرنگ کی بنیاد پر آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے۔

رائل پام گالف کلب کو نیلام کرنے کی تیاری مکمل ہے، جہاں مستقبل میں فائیو اسٹار ہوٹل بننے کا امکان ہے۔ ریلوے سسٹم کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے، موبائل ایپ کو جدید بنایا جا رہا ہے اور 155 اسٹیشنز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

رائٹ سائزنگ پالیسی کے تحت 17,101 آسامیاں ختم کی جا چکی ہیں، جبکہ مزید 5,695 آسامیاں ختم کی جائیں گی۔ کئی اداروں کو ضم یا بند کر دیا گیا ہے، اور 10 ارب روپے مالیت کی زمین بھی واگزار کرائی گئی ہے۔

حکومت پنجاب کے ساتھ مل کر لاہور سے راولپنڈی ہائی سپیڈ ٹرین، اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن، اور 8 برانچ لائنز پر سب اربن سروسز کے منصوبے زیر غور ہیں۔ پنجاب میں مین لائنز کے ساتھ ساتھ درخت لگانے اور گرین بیلٹس بنانے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ بلوچستان میں سریاب-کچلاک اور کوئٹہ-چمن ریلوے سیکشنز کو اپ گریڈ کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت بڑھانے کے لیے ریلوے نیٹ ورک کی توسیع پر بھی حکمت عملی بنانے کی ہدایت دی، اور پاکستان ریلویز کی کارکردگی پر وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کو سراہا۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی، مشیر وزیراعظم ڈاکٹر توقیر شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

ٹیگز: