Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف کی ریکوڈک کو 2028 تک ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف کی ریکوڈک کو 2028 تک ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے 2028 تک ریکوڈک کو پاکستان ریلوے کے مرکزی نیٹ ورک سے منسلک کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ یہ فیصلہ ریلوے کی اپ گریڈیشن اور بلوچستان کے مائننگ سیکٹر کی ترقی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کی اپ گریڈیشن اور ریکوڈک تک توسیع کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مستقبل کی کارگو اور ٹرانسپورٹ ضروریات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ML-1 اور ML-3 ریلوے لائنز کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے اجلاس کے دوران بین الوزارتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو پاکستان ریلویز کی ترقی اور ریکوڈک تک ریلوے توسیع کے لیے مالی وسائل کے حوالے سے عملی تجاویز مرتب کرے گی۔

شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ریلویز ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اسے ایک تیز، سستا اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ ریکوڈک کو ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے سے بلوچستان کے معدنی شعبے کو فروغ ملے گا اور مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر بحری امور جنید انور چوہدری، وزیر ریلوے حنیف عباسی، وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ٹیگز: