Get Alerts

پاکستان موثراندازمیں بھارتی دہشتگردی دنیامیں بےنقاب کررہاہے: اسحاق ڈار

پاکستان موثراندازمیں بھارتی دہشتگردی دنیامیں بےنقاب کررہاہے: اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کی خطے میں برتری کے دعوے دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں، جبکہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے، جنہیں دنیا کے سامنے مؤثر انداز میں رد کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے نہ صرف چین جیسے قریبی اتحادی کی حمایت حاصل کی بلکہ امریکا، برطانیہ، روس اور اقوام متحدہ سمیت مختلف ممالک میں بھی سفارتی سطح پر اپنی پوزیشن واضح کی۔

انہوں نے کہا کہ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں پاکستان، چین اور افغانستان کے درمیان سہ فریقی ملاقات ہوئی، جو چین کی درخواست پر کی گئی۔ اس ملاقات میں بھارت کی جانب سے الزامات اور خطے میں کشیدگی پر بھی بات ہوئی۔

وزیر خارجہ نے دعویٰ کیا کہ بھارت کے چھ لڑاکا طیارے گر چکے ہیں جن میں چار رافیل طیارے بھی شامل ہیں، اور اس تمام صورتحال پر بھارت میں کھلبلی مچی ہوئی ہے جبکہ پاکستان کی فتح پر دوست ممالک میں خوشیاں منائی جا رہی ہیں۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ایک وفد امریکا اور اقوام متحدہ گیا، جہاں پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کیا گیا۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ طارق فاطمی کی سربراہی میں ایک وفد روس بھی بھیجا گیا ہے تاکہ اس اہم شراکت دار سے بھی رابطہ برقرار رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ ترکی اور ایران کے دوران بھی پاکستان کے مؤقف کو بھرپور حمایت ملی، خاص طور پر ترکیہ نے کشمیر کے معاملے پر پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

اسحاق ڈار نے ایک اہم پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین نے پاکستان کی درخواست پر سی پیک کو کابل تک توسیع دینے پر آمادگی ظاہر کی ہے، جو افغانستان کے ساتھ تجارتی روابط کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایران کے ساتھ بھی تجارت بڑھانے اور اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے آئندہ اجلاس میں شرکت پر بات ہوئی ہے، جو آذربائیجان میں منعقد ہو گا۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر جارحیت کا بھرپور جواب دے گا، اور اپنی خودمختاری کے دفاع سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔

ٹیگز: