کراچی: فوٹو ایڈیٹنگ کے شوقین اینڈرائیڈ صارفین کے لیے خوشخبری ہے۔ ایڈوب نے اپنی معروف فوٹو ایڈیٹنگ سروس "فوٹو شاپ" کو اب گوگل پلے اسٹور پر مفت بیٹا ورژن میں دستیاب کر دیا ہے، جسے دنیا بھر کے اینڈرائیڈ صارفین اپنے اسمارٹ فونز پر استعمال کر سکتے ہیں۔
ایڈوب کمپنی کے مطابق یہ بیٹا ورژن ابتدائی طور پر صارفین کے تجربے اور آراء کے لیے متعارف کرایا گیا ہے تاکہ مستقبل میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ فوٹو شاپ کو مکمل موبائل ایپ کی شکل میں اینڈرائیڈ پلیٹ فارم پر پیش کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ فوٹو شاپ گزشتہ 35 سالوں سے صرف ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے دستیاب تھی۔ رواں سال فروری میں کمپنی نے آئی فون صارفین کے لیے فوٹو شاپ کا ابتدائی ورژن جاری کیا تھا، جس کے بعد اب اینڈرائیڈ صارفین کو بھی اس جدید سہولت تک رسائی حاصل ہو گئی ہے۔
نئی اینڈرائیڈ ایپ میں فوٹو شاپ کے کئی طاقتور فیچرز شامل کیے گئے ہیں جن میں:
لیئرز (Layers)
ایڈوانس ایڈیٹنگ ٹولز
جنریٹیو فل (Generative Fill) جیسا اے آئی فیچر
اڈوب اسٹاک لائبریری تک رسائی
ایڈوب کا کہنا ہے کہ جلد ہی ایپ میں مزید فیچرز شامل کیے جائیں گے تاکہ موبائل پر پروفیشنل لیول کی ایڈیٹنگ ممکن بنائی جا سکے۔
ماضی میں اینڈرائیڈ صارفین کو فوٹو شاپ کے لیے کمپیوٹرز کا سہارا لینا پڑتا تھا، تاہم اب جدید اسمارٹ فونز کی طاقت کے پیش نظر کمپنی نے یہ بڑا قدم اٹھایا ہے تاکہ صارفین کہیں بھی اور کبھی بھی اعلیٰ معیار کی ایڈیٹنگ سے لطف اندوز ہو سکیں۔