راولپنڈی : خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں آپریشنز 3 اور 4 جون کی درمیانی شب خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے۔
پہلی کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان میں کی گئی جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے ان کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو دہشت گرد مارے گئے۔
دوسری انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی ضلع مہمند میں انجام دی گئی، جس میں مزید دو دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد علاقے میں متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ علاقے میں موجود کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ غیرملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشت گردی کارروائیاں جاری رہیں گی۔