لندن : انگلینڈ کا 132 سال پرانا تاریخی گالف کورس جلد ہی ماضی کا حصہ بننے جا رہا ہے، کیونکہ مقامی کونسل نے اس زمین پر رہائشی منصوبے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
سرے کے قدیم ترین گالف کورسز میں شمار ہونے والے ریڈ ہِل اینڈ ریگیٹ گالف کورس کو مسمار کر کے اس کی جگہ 10 نئے رہائشی مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔ اس منصوبے کی منظوری ریگیٹ اینڈ بینسٹیڈ بورو کونسل نے رواں ماہ دی ہے۔
یہ گالف کلب 1877 میں قائم کیا گیا تھا اور اسے سرے کے سب سے پرانے گالف کورسز میں شمار کیا جاتا ہے، جبکہ اس سے بھی قدیم صرف گلڈفورڈ گالف کلب ہے جو 1886 میں قائم ہوا تھا۔
ابتدائی طور پر یہ میدان 9 ہولز پر مشتمل تھا، تاہم بعد ازاں اسے توسیع دے کر مکمل 18 ہولز کے گالف کورس میں تبدیل کیا گیا۔
ایک صدی سے زائد عرصے تک گالف کے کھلاڑیوں کی میزبانی کرنے والا یہ تاریخی مقام اب رہائشی منصوبے کی نذر ہونے جا رہا ہے، جس کے ساتھ علاقے کی کھیلوں کی تاریخ کا ایک اہم باب بھی اختتام کے قریب پہنچ گیا ہے۔