دنیا بھر میں خواتین 369 کھرب ڈالر دولت کی مالک بن گئیں

دنیا بھر میں خواتین 369 کھرب ڈالر دولت کی مالک بن گئیں

لندن : دنیا بھر میں اس وقت مجموعی ذاتی دولت کا 30% حصہ خواتین کی ملکیت میں ہے۔ جائزے کے حوالے سے معروف ادارے"Boston Consulting Group" کی رپورٹ کے مطابق ان میں زیادہ تر وہ خواتین ہیں جنہوں نے اپنی محنت سے اس دولت کو حاصل کیا۔ توقع ہے کہ 2020 تک خواتین کے زیر انتظام دولت کا حجم 720 کھرب امریکی ڈالر تک پہنچ جائے گا۔
روزنامہ " الاقتصادیہ" کے مطابق 44% خواتین 1 لاکھ ڈالر یا اس سے زیادہ کی مساوی ذاتی مالی رقوم کی مالک ہیں۔ ان خواتین نے بنا کسی سہارے کے اپنے ذاتی دولت کو پروان چڑھایا۔بقیہ 56% خواتین میں 27% نے وراثت کے ذریعے دولت حاصل کی ، 15% کو شوہروں سے ترکہ ملا اور 9% نے طلاق کے معاملات میں تصفیے کی شکل میں وراثت حاصل کی جب کہ 5% خواتین کو مختلف درجوں میں رکھا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں خواتین کی ذاتی دولت کا حجم 369 کھرب امریکی ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ یہ رقم ایشیا اور پیسیفک ریجن میں مجموعی ذاتی دولت کے تقریبا برابر ہے۔مذکورہ گروپ نے خواتین کی ذاتی دولت کے حوالے سے آخری رپورٹ 2010 میں جاری کی تھی۔
اس وقت کے مقابلے میں دنیا بھر میں خواتین کی ذاتی دولت کے حجم میں 3% کا اضافہ ہو چکا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایشیا اور پیسیفک ریجن (جاپان کے سوا) میں خواتین کی دولت کی شرح نمو 11% متوقع ہے۔ یہ دنیا میں کسی بھی دوسرے علاقے میں خواتین کی دولت کی شرح نمو سے زیادہ ہے۔