اسلام آباد : پاکستان افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت کے جواب میں بھرپور زمینی اور فضائی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس ضمن میں معروف امریکی جریدے نیویارک ٹائمز نے پاکستان کی آپریشن غضب للحق میں کامیابی کی تصدیق کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، پاکستان نے افغانستان کے اہم بگرام ایئربیس کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جس میں ایک ائیرکرافٹ ہینگر اور دو ویئر ہاؤسز تباہ ہوئے۔ سیٹلائٹ تصاویر نے بھی اس حملے کی تصدیق کی، اور افغان وزارت دفاع نے بھی پاکستانی فضائی حملے کی تصدیق کی ہے۔
نیویارک ٹائمز نے مزید کہا کہ پاکستان نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران افغانستان میں 50 سے زائد فضائی حملے کئے، جن میں دہشت گردوں کے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے علاوہ، اقوام متحدہ کی رپورٹس میں بھی فتنہ الخوارج کی موجودگی کے شواہد بار بار پیش کیے جا چکے ہیں۔
دفاعی ماہرین کے مطابق، بگرام ایئربیس پر کامیاب کارروائی نے افغان طالبان کے حکومتی نظام کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ بگرام ایئربیس کو نشانہ بنا کر پاکستان نے افغان طالبان کو واضح پیغام دیا کہ وہ افغانستان میں کہیں بھی کارروائی کر سکتا ہے۔
پاکستان نے بار بار افغانستان کو تنبیہ کی ہے کہ وہاں جاری دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں کی جائیں، لیکن افغان سرزمین پر دہشت گردوں کی موجودگی اور امریکی چھوڑا گیا اسلحہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال ہو رہا ہے۔