اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل ٹی 20 کپ 2026 کے شیڈول اور ٹیم اسکواڈز کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ٹورنامنٹ 7 مارچ سے 18 مارچ تک پشاور میں کھیلا جائے گا، جس میں ملک کی 10 ریجنل ٹیمیں حصہ لیں گی۔
ٹورنامنٹ کے لیے ٹیمیں دو گروپس میں تقسیم کی گئی ہیں۔ گروپ اے میں لاہور وائٹس، پشاور، فیصل آباد، کراچی وائٹس اور بہاولپور شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں دفاعی چیمپئن لاہور بلوز، سیالکوٹ، ملتان، ایبٹ آباد اور کراچی بلوز حصہ لے رہی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق، گروپ مرحلے اور سیمی فائنلز کے دوران روزانہ دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ شام 4:15 بجے اور دوسرا میچ رات 9:15 بجے شروع ہوگا۔
پی سی بی نے کہا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ شائقین کے لیے دلچسپ مقابلوں کا موقع فراہم کرے گا اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بہترین موقع ملے گا۔