اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی میڈیا کے ان دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے عملی اقدامات کے ذریعے دنیا کے سامنے سچ واضح کر دیا، جن میں آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں مبینہ دہشت گرد ٹھکانوں کا الزام لگایا گیا تھا۔
پاکستانی حکام نے ملکی و غیر ملکی میڈیا نمائندگان کو ان تمام علاقوں کا دورہ کروایا جہاں بھارت نے دہشت گردوں کی موجودگی کا دعویٰ کیا تھا۔ ان علاقوں میں کیل، سردی، دودھنیال، لیپا، پچھیبان، فارورڈ کہوٹہ،اٹھ مقام، جورا، کوٹلی، کھوئی رٹہ، مینڈھر، نکیل، چمن کوٹ اور جان کوٹ شامل ہیں۔
میڈیا کے ان دوروں کے دوران ان مقامات پر کسی قسم کی مشکوک سرگرمی یا دہشت گردی کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا، جس سے بھارت کا پروپیگنڈا کھل کر دنیا کے سامنے آ گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت جس تسلسل سے ان علاقوں کے بارے میں جھوٹے الزامات لگا رہا ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ مستقبل میں ان علاقوں میں کسی جارحیت کی تیاری کر رہا ہے۔ اس تناظر میں پاکستان نے نہ صرف میڈیا بلکہ عالمی برادری کو بھی خبردار کیا ہے۔
حکام کے مطابق میڈیا کو آج بھی انہی علاقوں کے مزید دورے کرائے جائیں گے تاکہ بھارت کے جھوٹے بیانیے کو مکمل طور پر بے نقاب کیا جا سکے۔