لاہور: محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے موجودہ مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ میں گاڑیوں سے متعلق مختلف ٹیکسز کی مد میں 13 ارب 42 کروڑ روپے سے زائد کی رقم اکٹھی کر لی ہے، جو کہ پچھلے سال کے مقابلے میں 4 ارب 13 کروڑ روپے زیادہ ہے۔
ترجمان محکمہ ایکسائز کے مطابق یہ آمدن گاڑیوں کی رجسٹریشن، ملکیت کی منتقلی (ٹرانسفر)، لگژری ٹیکس اور ٹوکن ٹیکس کی مد میں حاصل کی گئی ہے۔
ریکوری کی تفصیل کچھ یوں ہے:رجسٹریشن فیس سے حاصل شدہ رقم: 6 ارب 32 کروڑ 72 لاکھ روپے،ٹرانسفر فیس کی مد میں آمدن: 1 ارب 35 کروڑ 58 لاکھ روپے،لگژری ٹیکس سے وصولی: 40 لاکھ روپے ،ٹوکن ٹیکس سے ریکوری: 5 ارب 74 کروڑ 28 لاکھ روپے
ڈائریکٹر ایکسائز کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے 10 ماہ میں محکمے نے اپنے مقررہ ہدف سے 103 فیصد زائد وصولی کر کے ایک سنگِ میل عبور کیا ہے۔ اُن کے مطابق اس کامیابی میں ڈیجیٹل نظام، مؤثر نگرانی، اور عوامی آگاہی مہم کا اہم کردار رہا ہے۔
محکمے نے گاڑی مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ وقت میں اپنے واجبات ادا کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔