اسلام آباد: بھارتی حکومت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا ایکس اکاؤنٹ بلاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمٰن نے اس اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ بھارت نے پہلگام حادثے کا الزام پاکستان پر ڈالا، مگر سچ سامنے آنے کے بعد مودی حکومت اب گھبرا چکی ہے۔
شیری رحمٰن نے مزید کہا کہ پہلگام حادثے کے بعد بھارتی اقدامات پاکستان کے موقف کو مزید تقویت دے رہے ہیں، اور مودی حکومت کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ آوازیں دبانے سے سچ کبھی نہیں چھپ سکتا۔
بلاول ہاؤس کے ترجمان سریندر ولاسائی نے بھارت کی جانب سے بلاول بھٹو کا ایکس اکاؤنٹ معطل کرنے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے یہ ثابت ہو گیا کہ مودی سرکار بلاول بھٹو سے خوفزدہ ہے۔ انہوں نے بھارت کو غیر جموہوری ملک اور مودی کو کمزور شخص قرار دیا۔
ترجمان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا پہلگام معاملے پر موقف مودی حکومت کے لیے پریشانی کا باعث بن گیا ہے، اور بھارت کا بلاول بھٹو کا ایکس اکاؤنٹ بلاک کرنا شتر مرغ کی طرح ریت میں سر چھپانے کے مترادف ہے۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ بلاول بھٹو زرداری وہ رہنما ہیں جنہوں نے گجرات کے قصائی کو پہلی بار دنیا کے سامنے بے نقاب کیا، اور وہ مودی کے جنگی جنون کو ہمیشہ بے نقاب کرتے رہیں گے۔